مرادآبا د 23جون (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) اترپردیش کے مراد آباد میں گلے مل کر عید کی مبارک باد دینے والی علیشا ملک نے اپنی حرکت پر معافی مانگی ہے۔ مسلم مذہبی رہنماؤں کے اعتراض کے بعد علیشا ملک نے لڑکوں سے گلے مل کر عید منانے پر وضاحت پیش کی ۔ علاوہ ازیں ان تمام لوگوں سے معافی مانگی ، جنہوں نے وائرل ویڈیو پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے علیشا کے اس قدم کو اسلام کے خلاف بتایا تھا۔ علیشا ملک کے مطابق اس واقعہ کے بعد اس کا گھر سے باہر نکلنا مشکل ہو گیا ہے اور ساتھ ہی ساتھ ویڈیو وائرل ہو جانے کی وجہ سیان کے خاندان کی پریشانیوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔
واضح ہو کہ عید کے موقع پر علیشا کا ایک ویڈیو وائرل ہوا تھا، جس میں قطار میں کھڑے لڑکوں سے وہ گلے مل کر عید کی مبارک باد دے رہی تھی۔ اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد مسلم مذہبی رہنماوں نے اسے اسلام مخالف قرار دیا تھا۔ وہیں دوسری جانب علیشا ملک کا کہنا ہے کہ وہ گلے مل کر عید کی خوشیاں بانٹنا چاہتی تھیں، لیکن ان پر مذہب اور خاندان کا مذاق اڑانے کا الزام لگنے لگا۔ لوگ کہہ رہے ہیں کہ میڈیا میں آنے کے لئے اور خبروں میں چھانے کے لئے علیشا نے عید کے مبارک موقع پر یہ حرکت کی ہے ۔
الزامات سے پریشان ہو کر علیشا جمعہ کے روز خود سامنے آئیں اور اپنی جانب سے صفائی پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ میرا کوئی غلط ارادہ نہیں تھا۔ میرا مقصد لوگوں کی ’’قدامت پسند‘‘ سوچ بدلنے کا تھا، لیکن سوشل میڈیا پر ویڈیو کو توڑمروڑ کر پیش کیا گیا۔